آیت اللہ سید ابوالحسن نقوی 28 صفر 1299 ہجری میں سر زمین ممبئی پر پیدا ہوئے۔ آپ کے والد محترم شمس العلماء آیۃ اللہ سید محمد ابراہیم نقوی صاحب تھے۔ آپ کا لقب ممتاز العلماء تھا اور لوگ منن کے نام سے یاد کرتے تھے۔ آپ اپنے زمانہ کے مسلم الثبوت مجتہد تھے۔
1305 ہجری میں مولانا ابوالحسن صاحب سات سال کی عمر میں اپنے والد محترم کے ساتھ پہلی بار زیارت عتبات عالیات سے مشرف ہوئے ۔
فقیہ الزمن مولانا ابوالحسن صاحب ذہین ، محنتی ، جید الحافظہ خوش مزاج اور قانع، عالم با عمل تھے ۔ علمی وجاہت کا ہر شخص اعتراف کرتا تھا ، اصول فقہ میں خصوصی شہرت تھی۔
اساتذہ
استاذالعلماء سید سبط حسین صاحب
بحر العلوم جناب علن صاحب
قدوۃ العلماء آقا حسن صاحب
سنہ 1327 ہجری میں نجف اشرف گئے اور وہاں کے مشاہیر شیخ الاسلام آیۃ اللہ فتح اللہ اصفہانی، آیۃ اللہ علی گنا آبادی، آیۃ اللہ سید ابوالحسن اصفہانی اور آیۃ اللہ مصطفیٰ کاشف الغطاء سے مستفید ہوئے ۔
سنہ 1332 ہجری میں اپنے وطن آکر مدرسہ ناظمیہ و مدرسۃ الواعظین لکھنؤ میں درس و تدریس میں مصروف ہوگئے ۔ مولانا سبط حسن صاحب کے بعد واعظین کے صدر مدرس بھی رہے ۔
تالیفات
التجزی فی الاجتہاد
البرق الومیز فی منجزات المریض
حاشیہ کفایۃ الاصول
شرح عمدہ بر علم اصول
اولاد
آیۃ اللہ سید کاظم صاحب
مولانا سید باقر صاحب
جناب مرتضی صاحب
جناب سید عبدالحسین صاحب
وفات
آپ کی وفات لکھنو میں 29 ذی القعدہ سنہ 1355 میں ہوئی ۔ بیرون امام باڑہ سید تقی صاحب ، مسجد کے باہر سپرد لحد ہوئے ۔