ولادت
آپ 12 اگست 1937ء مطابق 4 جمادی الثانی 1356ھ بروز پنجشنبہ، میرپور ضلع اعظم گڑھ (اتر پردیش) میں پیدا ہوئے ۔
آپ کے والد کا نام محمد رفیع تھا ـ جو رفیع میاں کے نام سے مشہور تھے۔ رفیع میاں آیت اللہ ظفر الملۃ کے پھوپھا تھے ـ۔
تعلیم
وطن میں ابتدائی تعلیم کے بعد آپ 1947ء میں مدرسہ جوادیہ (بنارس) میں داخل ہوئے ـ اور کچھ عرصہ تک ابتدائی عربی بھی سرکار ظفرالملۃ ہی سے پڑھی۔ فخرالافاضل کرنے کے بعد آپ مدرسۃ الواعظین (لکھنؤ) میں داخل ہوئے۔ وہاں کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد آپ نے کئی سال تک مدرسہ الواعظین کی طرف سے تبلیغی خدمات انجام دیں۔ پھر اپنے طور پر خطابت کے لیے ہندوستان کے مختلف شہروں کے ساتھ ساتھ بیرونی ممالک میں بھی جاتے رہے
محمد آباد گوہنہ میں سکونت
آپ کا وطن میر پور تھا لیکن وہاں سے آمد و رفت میں بے حد دشواریاں ہوتی تھیں اس لیے آپ نے سید واڑہ محمد آباد گوہنہ میں سکونت اختیار کرلی۔ وہاں قیام کے دوران آپ نے شاہی مسجد میں نماز پنجگانہ اور نمازجمعہ کی امامت شروع کی ۔
سید واڑہ کی دینی فضا میں ترقی کے اثرات قرب و جوار کی بستیوں میں بھی محسوس کیے جانے لگے۔ اور اصلاح معاشرہ کا کام تیزی سے آگے بڑھنے لگا ۔
خطابت اور تصنیف و تالیف
آپ کی ذاکری 1955ء میں شروع ہوئی تھی ـ نیز تحریری خدمات کا سلسلہ 1962ء میں شروع ہوا جب آپ نے غلام محمد جیلانی کی کتاب ''بھائی بھائی'' کے جواب میں ''ہابیل قابیل'' لکھی۔ یہ آپ کی طالب علمی کا آخری زمانہ تھا ۔
آپ کی تحریر و تقریر کی چاشنی کا راز آپ کے اس اسلوب میں پنہاں تھا جس کے آپ خود ہی موجد تھے اور شاید خاتم بھی ۔