آیت اللہ سید ظفر الحسن رضوی صاحب اپنی ننھایل موضع خطیب پور ضلع اعظم گڈھ میں 21 رمضان المبارک 1329 ھ کو پیدا ہوئے آپ کے والد مولوی سید ضمیر الحسن صاحب ابن تصدق حسین صاحب مقضع مٹھن ضلع اعظم گڈھ کے باشندے تھے جنہوں نے آپ کا تاریخی نام ظفر الحسن رکھا ۔
ابتدائی تعلیم اپنے والد بزرگوار سے حاصل کرکے مدرسہ اسلامیہ نظام ّباد ضلع اعظم گڈھ میں داخل ہوئے ۔ پھر مدرسہ ایمانیہ بنارس میں تعلیم حاصل کی ۔ پھر سلطان المدارس لکھنو گئے جہاں سے 1935 میں صدرالافاضل کیا ۔ لکھنو کے اساتذہ میں ہادی الملۃ مولانا سید محمد ہادی صاحب ، مولانا سید محمد صاحب ، مولانا سید عالم حسین صاحب ، مولانا سید ابن حسن نونہروی کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں ۔ قیام لکھنو کے دوران لکھنو یونیورسیٹی کے عربی و فارسی کے امتحانات بھی امتیاز کے ساتھ پاس کئے ۔ فارغ التحصیل ہونے کے بعد 1935 سے 1937 تک آپ مدرسہ باب العلم مبارکپور (اعظم گڈھ) میں مدرس اعلی رہے ۔
1937 میں نجف اشرف تشریف لے گئے جہاں آپ نے آیت اللہ عبدالحسین رشتی، آیت اللہ سید ابوالحسن اصفہانی ، آیت اللہ سید ضیاء الدین عراقی، آیت اللہ سید جواد تبریزی ، آیت اللہ ابراہیم رشتی ، آیت اللہ سید جمال گلپایگانی اور آیت اللہ سید عبداللہ شیرازی طاب ثراہم سے کسب فیض کیا اور ان حضرات اور دوسرے علما سے اجازہ ہائے اجتہاد لے کر 1940 میں ہندوستان واپس آئے ۔
1940 سے زندگی کے آخری لمحات تک جامع العلوم جوادیہ بنارس کی خدمت میں مشغول رہے ۔ اولا وائس پرنسپل کی حیثیت سے اور اس کے بعد پرنسپل کی حیثیت سے ۔