مولانا محمد اسماعیل 1901ء کو بمقام سلطان پور لوہیاں نزد فرید سرائے ریاست کپور تھلہ ضلع جالندھر کے ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد جماعت اہل حدیث کے ایک جید عالم دین تھے جو مرتے دم تک آبائی مذہب پر رہے مولانا سلطان علی کا انتقال 112 برس کی عمر میں حضرت مبلغ اعظم کے انتقال سے چند سال قبل ہوا تھا۔
آپ نے ابتدائی دینی تعلیم اپنے والد سے حاصل کی اس کے بعد مبادیات پڑھنے کے لیے حکیم محمد حسن میثم پوری کے شہر میثم پور چلے گئے۔ پھر رائے پور میں حضرت مولانا مفتی فقیر اللہ (م 1382ھ) سے استفادہ کیا اس کے بعد مدرسہ خیر المدارس جالندھر میں داخل ہو گئے جہاں حضرت خیر محمد جالندھری (م 1390ھ) اور حضرت مولانا محمد علی جالندھری (م 1391ھ) کے سامنے زانوائے ادب تہ کیا وہاں سے فارغ التحصیل ہو کر دیوبند کا رخ کیا جہاں شیخ الحدیث حضرت مولانا سید انور شاہ کاشمیری اور شیخ الادب حضرت مولانا اعزاز علی سے اخذ فیض کیا۔ پھر آپ ڈابھیل چلے گئے جہاں شیخ القرآن حضرت مولانا شبیر احمد عثمانی سے قرآن پاک کی تفسیر پڑھی۔
یہاں سے فارغ ہونے کے بعد ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دیوبندی حضرات کی مسجد "مسجد اکبری" میں خطیب ہو گئے۔ اسی دوران کی کسی شیعہ سے ملاقات ہو گئی جس نے شیعیت کی دعوت دی آخر انھوں نے تحقیق و جستجو کرنا شروع کی اور کچھ عرصہ کے بعد شیعہ ہونے کا اعلان کر دیا۔ رد عمل کے طور پر ان کے عزیز و اقارب حتی کہ والد صاحب نے بھی علیحدگی اختیار کر لی، کسی کی مخالفت کی انھوں نے پروا نہ کی۔ اسی دوران آپ کے 2 بیٹے "محبوب عالم " اور "بدر عالم" انتقال کر گئے۔
شیعہ ہونے کے بعد تقاریر کا سلسلہ شروع کر دیا جس میں کمال حاصل کیا۔ اسی دوران مسلم لیگ کے لیے کام کیا جب پاکستان بن گیا، تو سیاست سے کنارہ کش ہو گئے۔
مبلغِ اعظم, مولانا محمد اسماعیل محمدی (دیوبندی) جناب مولانا فاضل حسین علوی کے استاد ہیں۔ اسماعیل دیوبندی پہلے دیوبند مسلک سے تعلق رکھتے تھے بعد میں انہوں نے شیعہ اثنا عشری مسلک قبول کیا۔ شیعیت کے بڑے مناظر بن گئے تھے۔ ان کو مبلغ اعظم کا لقب ملا۔
مبلغ اعظم صرف مناظر ہی نہیں تھے بلکہ وہ ایک بلند پایہ خطیب و مبلغ بھی تھے جن کی تقریروں نے ہزارہا لوگوں کو مذہب شیعہ اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔