مولانا سید یوسف حسین صاحب مجتہد جناب سید مرتضی حسین صاحب امروہوی کے صاحب زادے تھے ۔ آپ 18 رجب 1302 ھ کو امروہہ میں پیدا ہوئے ۔ آپ کے والد ماجد اعلی درجہ کے مدرس اور مشہور فضلائے امروہہ میں تھے ۔ آپ نے کتب درسیہ اپنے والد ماجد اور مولوی محمد امین صاحب شاہ آبادی (حنفی مسلک ) سے پڑھی تھیں ۔
سنہ 1324 میں بغرض تعلیم عراق تشریف لے گئے اور آٹھ سال وہاں رہ کر 1332 ھ میں متدد اجازہ ہائے اجتہاد لے کر واپس آئے ۔
آپ کچھ عرصہ مدرسہ نور المدارس امروہہ کے پرنسپل رہے اور مولانا سید محمد عبادت صاحب کی کم عمری کے زمانے میں مسجد جامع اشرف المساجد ، امروہہ میں نماز جمعہ بھی پڑھاتے رہے ۔
سنہ 1340 میں آپ منصبیہ عربی کالج میرٹھ کے پرنسپل مقرر ہوئے ۔ مولانا قاری سید عباس حسین صاحب جارچوی کی رحلت کے بعد آپ کا تقرر مسلم یونیورسیٹی علیگڑھ میں شعبہ دینیات کے سربراہ کی حیثیت سے ہوا ۔
28 شعبان سنہ 1352 ھ کو یہ آفتاب علم غروب ہوگیا ۔ محلہ دانشوران امروہہ کے بڑے امام باڑے کی شہ نشین میں سپرد خاک کئے گئے ۔