مولانا سید نثار حسین بن سید اکبر حسین شوال 1268 ھ کو علی نگر گیا بہار میں پیدا ہوئے ۔ آپ کے خاندان میں مولوی سید افضل علی صاحب ابن علی مولوی وزیر علی صاحب اور مولوی ذاکر حسین صاحبان بھی اہل علم سے تھے ۔
فارسی کی تعلیم مختلف اساتذہ سے حاصل کی اور ایسی قابلیت پیدا کی کہ رقعات شادی فارسی نظم و نثر میں لکھتے اور اصلاح دینے میں یکتا ہوگئے ۔ اردو شاعری میں آغا میرزا صاحب عطا سے اصلاح لی ۔
مولوی وزیر علی صاحب (جو آپ کے چچا تھے ) سے ایک مہینے کے قریب میزان منشعب پنج گنج، زبدہ ختم کی پھر مولوی سید ذکی حسن صاحب زنگی پوری مولوی سید علی حسین صاحب اور مولوی سید محمد عسکری صاحب لکھنوی سے عظیم آبادی میں صرف و نحو و غیرہ کی تعلیم حاصل کی ۔
اسی زمانے میں آپ کی شادی ہوگئی لیکن آپ شوق علم میں ہفتے عشرے کے بعد چپکے سے لکھنو چلے گئے جہاں مولوی سید حیدر علی صاحب ،مولوی علی نقی صاحب ،مولوی حبیب حیدر صاحب سب رجسٹرار ،جناب ممتاز العلما ،جناب سید العلما ثانی ،جناب ملک العلما ،جناب مفتی صاحب ، جناب مولوی سید احمد علی صاحب محمد آبادی سے علوم متداولہ میں تلمذ حاصل کیا ۔
سنی علما میں مولوی عبد الحی صاحب ، مولوی فضل اللہ صاحب اور مولوی عبد النعیم صاحب سے پڑھا۔
طب کے لئے عالم و طبیب نواب مظفر حسین خان صاحب بن نواب مسیح الدولہ سے کچھ دنوں تک نفیسی پڑھی ۔ اس کے بعد شیخ تفضل حسین صاحب تعلقہ دار فتح پور بسواں سے نفیسی و قانون کا درس لیا ۔ بعد تکمیل وطن آئے اور علمی مشاغل و طبی مصروفیات میں نصروف رہے ۔
آپ نے چھ حج اور نو مرتبہ زیارت کئے ۔ دو مرتبہ مشہد مقدس گئے ۔ ایک سفر حج میں مولوی سید نیاز حسن صاحب برستی حیدرآبادی اور جناب مولوی سید مظہر علی صاحب بنارسی حیدرآبادی سے ملاقات ہوگئی ۔ یہ دونوں بزرگ آپ کو حیدرآباد لے گئے ۔
حیدرآباد میں تین سو روپے ماہوار پر مہتمم شفاخانہ یونانی بیرون بلدیہ حیدرآباد ہوئے ۔ 1337 ھ میں سرکار نظام سے پنشن مل گئی ۔
دوسرے سفر خراسان میں شاہ ایران اعلی حضرت ناصر الدین شاہ سے ملاقات ہوئی تو آپ کو عمدۃ العلما بحر العلوم حسام الاسلام کا خطاب ملا۔
سفر عراق میں ایک ماہ جناب سرکار میرزا محمد حسن شیرازی کے درس میں اور چار ماہ جناب شیخ مازندرانی اور ملا حسین اردکانی کے درس میں اور ایک ماہ مرزا حبیب اللہ کے درس میں شریک ہوئے ۔
آپ بہت خلیق ، سادہ مزاج ، مقدس و متقی بزرگ تھے ۔
1338 ھ حیدرآباد دکن میں رحلت فرمائی ۔
اولاد
مولوی حاجی سید زین العابدین صاحب
تلامذہ
مولوی سید میرن صاحب
مولوی سید بندہ حسن صاحب
مولوی سید اکابر حسین صاحب زید پوری
مولوی سید احمد حسین برستی
مولوی سید ابن علی صاحب