آپ 2 صفرالمظفر سنہ 1337ھ مطابق 7 نومبر 1918ء بروز پنجشنبہ، قصبہ کراری ضلع الہ آباد (اتر پردیش) میں پیدا ہوئے ۔ آپ کے والد کا نام فیض محمد تھا ۔ مرحوم کا خاندان کئی پشتوں سے علم و ادب کا مرکز رہا ہے۔ پرائمری تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد آپ کو مدرسہ میں داخل کرا دیا گیا جہاں مولانا سید محمد ضامن ، مولانا سید محمد موسٰی ، مولانا سید علی لکھنوی سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد آپ کو سنہ 1927 میں مدرسہ ناظمیہ لکھنو میں داخل کرا دیا گیا - یہاں پر 3 سال تعلیم حاصل کرنے کے بعد آپ سلطان المدارس لکھنو تشریف لے گئے۔
سنہ 1934 میں الہ آباد یونیورسٹی سے "فاضل فقہ" لکھنو یونیورسٹی سے " دبیر کامل" اور جامعہ سلطانیہ لکھنو سے "سند الافاضل " کا امتحان پاس کیا۔
سنہ 1936 میں الہ آباد یونیورسٹی سے "فاضل طب" اور شعیہ عربک کالج سے " عماد الادب" کا امتحان پاس کیا – سنہ 1938 میں "صدر الافاضل " کی سند حاصل کی۔
مولانا سید نجم الحسن کراروی مرحوم کے صاحب زادے فخر الحسن کراروی بھی نامور ہیں۔
مولانا سید نجم الحسن کراروی 1942 میں پشاور تشریف لائے اور جامع مسجد کو چہ رسالدار کی پیش نمازی سنبھالی اور درس وتدریس پھر سے شروع کیا اور خود کو اہل پشاور کے لئے وقف کر دیا۔
مولانا سید نجم الحسن کراروی کا انتقال 9 رمضان المبارک 1402 ہجری مطابق یکم جولائی 1982 کو پشاور میں ہوا - آپ کی آخری آرام گاہ پشاور میں ہے۔