عمدۃ العلماء صدر الشریعۃ آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد ہادی بن سید مہدی ابن غفران مآب طاب ثراہم ۷ رجب 1228 ھ کو لکھنو میں پیدا ہوئے ۔ ابھی آپ تین سال کے ہوئے تھے کہ والد نے اور پانچ کے ہوئے تو دادا غفران مآب نے رحلت فرمائی ۔ جناب سلطان العلما مولانا سید محمد صاحب نے بھتیجے کی تعلیم و پرورش فرمائی اور جب سن رشد کو پہنچے تو اپنی صاحبزادی سے عقد کردیا ۔
1262 ھ میں اجازہ اجتہاد ملا، جناب امجد علی شاہ سلطان اودھ نے صدر الشریعۃ عمدۃ العلما کا خطاب دیا ۔ سلطانی کہچری اور لکھنو کے منصب صدر الصدور کے مسند نشین ہوئے ۔ ملک اودھ کے تمام قاضی آپ کے ما تحت تھے ۔ آپ نے یہ کام کسی شاہی دفتر کے بجائے ہمیشہ اپنے گھر میں انجام دیے ۔ افتا و قضا کے ساتھ درس کا سلسلہ بھی تھا اور بکثرت طلبا آپ سے تلمذ رکھتے تھے ۔
عمدۃ العلما سید ہادی صاحب بہت مقدس و متقی و محتاط عالم و فقیہ تھے ۔ آپ عموما بند فینس میں باہر آتے تھے کہ راستے میں کسی نامحرم پر نظر نہ پڑے ۔
فقہ کے ساتھ ساتھ ملک کی بڑھتی ہوئی نئی ضرورتوں اور دینی اشاعت میں نئی رکاوٹوں پر بھی نظر رکھتے تھے ۔ یہود و نصاری کے عقائد پر تحقیقی مطالعہ کیا تھا اور ان کی رد میں ان کے رسالوں اور سوالوں کے جواب لکھتے رہے ۔
اولاد
سید محمد مہدی مجتہد
محمد مصطفی عرف میر آغا مجتہد
وفات
آپ نے جوانی میں بمقام لکھنو 1275 ھ میں رحلت کی اور حسینیہ غفران مآب میں دفن ہوئے ۔