سنہ 1349ھ میں باسٹہ ضلع بجنور میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد محترم مولانا سید صغیر حسن تقوی تھے۔
غُرّۃُ العلماء، جناب، سرتاج العلماء اور ابوذر زمان آپ کے مشہور القاب ہیں۔ جناب کی زندگی میں فضول خرچی نامی چیز دکھائی نہیں دیتی بلکہ آپ انتہائی درجہ پرہیز فرماتے تھے۔
سیدمحمد صاحب عالم باعمل، متقی۔پرہیزگار اور ایک اچھے شاعر تھے۔ آپ کا خاندان علم و فضل میں معروف تھا۔ جناب کے والد بھی ایک عالم باعمل تھے۔
تعلیم
آپ نے ابتدائی تعلیم اپنے خانوادہ سے ہی حاصل کی اور اپنے والدمحترم کی خدمت میں زانوئے ادب تہہ کئے نیز سات سال کی عمر میں قرآن مجید کی تعلیم مکمل کی۔
ابتدائی تعلیم کے بعدسنہ 1362ھ میں مدرسہ باب العلم نوگانواں کا رخ کیا وہاں رہ کر چار سال تک سلطان الواعظین علامہ آقا حیدراور آیۃ اللہ سبط نبی کی خدمت میں زانوئے ادب تہہ کئے۔ پھرمدرسہ ناظمیہ لکھنؤکے لئے عازم سفر ہوئے، وہاں رہ کر بزرگ اور جیّد علماء اعلام کی خدمت میں زانوئے ادب تہہ کئے مثلاًمولانا ایوب حسین، تاج العلماء سید محمد زکی، مفتی سیداحمدعلی شوشتری اور مولانا رسول احمدگوپالپوری وغیرہ۔
سنہ1951ء میں نجف اشرف(عراق) کے حوزہ کی جانب گامزن ہوئے اور زمانہ کے مشہور ومعروف فقہاء کی خدمت میں رہ کر کسب فیض کیا جن میں سے آیۃ اللہ العظمیٰ سید محسن الحکیم، آیۃ اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم الموسوی الخوئی، آیۃ اللہ العظمیٰ اسداللہ مدنی تبریزی، استاد مدرس افغانی، آیۃ اللہ حیدرعباس الہ آبادی اور استاد اشکوری وغیرہ کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں۔
سید محمدصاحب نجف اشرف میں تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مدرسہ ایروانی میں تدریس کے فرائض بھی انجام دیتے رہے کیونکہ آپ کو فقہ و اصول میں بہت مہارت حاصل تھی، طلاب کی کثیر تعداد آپ کے درس میں شرکت کرتی تھی۔ اس دوران جناب ہر شب جمعہ نجف اشرف سے پیدل چل کر کربلا کی زیارت کے لئے تشریف لے جاتے تھے۔
چونتیس سال کی عمر میں جناب کو حوزہ علمیہ نجف اشرف کے چار اساتذہ نے اجتہاد کے اجازے مرحمت فرمائی:
(1)آیۃ اللہ العظمیٰ سید محسن الحکیم
(2)آیۃ اللہ العظمیٰ سید حسین بروجردی
(3)آیۃ اللہ العظمیٰ سید باقر الصدر
(4)آیۃ اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم الموسوی الخوئی۔
آپ سولہا سال تک نجف اشرف میں بحرِ بیکراں سے منسلک رہے اورر سنہ 1967ء میں درجۂ اجتہاد پر فائز ہوکرنجف سے ہندوستان واپس آئے۔
اولاد
موصوف کے سارے بیٹے اہلِ علم و کمال ہیں اور ہندوستان کے مختلف شہروں میں تحریر، تقریر اور تدریس کے ذیعہ اشاعت علوم محمدؐ و آل محمدؐمیں مشغول ہیں جن کے اسمائے گرامی کچھ اس طرح سے ہیں:
مولاناسید حسین اصغر
مولانا سید عابد رضا
مولانا سید جعفر رضا
مولانا سید موسیٰ رضا
مولانا سید علی رضا
مولانا ڈاکٹرسید تقی رضا برقعی
مولاناڈاکٹر سید ہادی رضا(پروفیسر اے ایم یو علیگڑھ)