مولانا سید وصی محمد صاحب سنہ 1328 ھ میں شہر فیض آباد میں متولد ہوئے آپ کے والد ماجد مولوی سید علی محمد صاحب مولانا سید ضیاء اللہ کے فرزند تھے بڑے ہی عبادت گزار اور بڑے ہی حلیم و بردبار تھے ۔ مولانا وصی محمد صاحب نے ابتدائی تعلیم وثیقہ اسکول فیض آباد میں حاصل کی پھر اپنے بڑے بھائی مولوی سید نجم الحسن صاحب کے پاس بدایوں تشریف لے گئے ۔
بھائی نے آپ کو سید المدارس (امروہہ ) میں داخل کردیا جہاں مولانا سید محمد امروہوی مدرس اعلی تھے مولانا امروہہ سے واپس آکر دوبارہ وثیقہ اسکول میں داخل ہوئے اور عربک اینڈ پرشین ایکزامینیشن بورڈ یو پی (الہ آباد) کے امتحانات پاس کرکے سلطان المدارس میں داخل ہوئے ۔ جامعہ سلطانیہ سے فارغ ہو کر آپ عراق تشریف لے گئے ۔ اور تین برس تک تحصیل کے بعد اجازات لے کر واپس آئے ۔